Baaghi TV

سندھ میں اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کمی کا اعلان

سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے شدید گرمی کے پیش نظر صوبے کے اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹہ کمی کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید سردار علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں اب تک اسکولوں کے حوالے سے کوئی یکساں پالیسی بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے شدید گرمی میں بچوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی میں بھی بعض بچے کھلے آسمان تلے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ کئی اسکولوں میں بچوں کے لیے مناسب چھت تک موجود نہیں۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے بچوں کا تعلیم حاصل کرنا تعلیمی نظام کی زبوں حالی کو ظاہر کرتا ہے۔ ایسے بچوں کی مشکلات فوری طور پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔

سید سردار علی شاہ نے کہا کہ بچوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں میں مناسب چھت، ٹھنڈے اور محفوظ ماحول سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سالانہ 1200 ارب روپے کے وفاقی پی ایس ڈی پی میں تعلیم کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ صوبوں میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ سندھ میں لاکھوں بچوں کو کمیونٹی بیسڈ مراکز کے ذریعے تعلیم فراہم کی جارہی ہے، تاہم گزشتہ تین سال سے بجٹ میں اضافہ نہ ہونے کے باعث ان مراکز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث تعلیمی مراکز کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے موجودہ بجٹ میں ان کا انتظام چلانا مشکل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے 480 ارب روپے کے تعلیمی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات کو الگ کیا جانا چاہیے، جبکہ آپریشنل اور نان آپریشنل اخراجات کی مکمل تفصیلات بھی سامنے لانا ضروری ہیں تاکہ تعلیمی بجٹ کے حقیقی استعمال اور ضروریات کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔

سید سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ کمیونٹی آرگنائزیشنز کو براہِ راست فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں، کیونکہ یہ تعلیمی مراکز کوئی کاروباری ادارے نہیں بلکہ انہیں کمیونٹی آرگنائزیشنز چلا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان اداروں کو بروقت اور مناسب مالی معاونت فراہم کرکے بچوں کے لیے بہتر تعلیمی ماحول یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

More posts