ملک کے ایوان بالا سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی گئی، قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے ایپ کا اجرا پارلیمانی ادارے کے ڈیجیٹل سفر میں نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔
سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ محض ایک موبائل ایپلی کیشن کا اجرا نہیں بلکہ کام کرنے اور سوچنے کے نئے انداز کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ عوام کی بہتر خدمت کے عزم کے ساتھ سینیٹ کی ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل جاری ہے، جس کے سینیٹ اور اس کے ارکان کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
قائم مقام صدر نے امید ظاہر کی کہ سینیٹ کی موبائل ایپلی کیشن ایک جدید اور مؤثر پارلیمانی ادارے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لیے ایوان بالا کو بھی ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سینیٹ سیکریٹریٹ پہلے ہی ای آفس نظام اپنا چکا ہے، جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق موبائل ایپلی کیشن بھی سینیٹ میں جاری وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا حصہ ہے، جس کا مقصد پارلیمانی امور کو مزید مؤثر، جدید اور عوام کے لیے قابل رسائی بنانا ہے۔
