روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں یوکرین جنگ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے اور تنازع کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔
کریملن کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو یوکرین جنگ رکوانے اور تنازع کے سیاسی و سفارتی حل کے لیے ممکنہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ بات چیت میں امریکی وفد کے روس کے دورے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
روسی صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی توجہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے معاملے پر مرکوز ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے جنگی قیدیوں کے تبادلے سمیت دیگر انسانی امور پر بھی گفتگو کی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران روس اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی کوششوں اور یوکرین تنازع کے ممکنہ حل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم کریملن نے ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
دونوں صدور کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یوکرین میں جنگ بندی اور طویل عرصے سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
