معروف ماڈل و اداکارہ جیا علی نے مسرت مصباح کے سابق شوہر عامر کے ساتھ افیئر کے الزام اور اس سے جڑے ماضی کے تنازع پر پہلی بار کھل کر بات کردی۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز مسرت مصباح کے سیلون سے کیا تھا اور اس وقت ان کی عمر محض 18 سال تھی۔ ان کے مطابق بعد ازاں انہیں سیلون کی ملازمت سے فارغ کردیا گیا، جس کے بعد ان کا نام مسرت مصباح کے شوہر عامر کے ساتھ جوڑا جانے لگا۔
جیا علی کے مطابق معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب مسرت مصباح اور عامر کی ازدواجی زندگی ختم ہوگئی اور دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ بہت کم عمر تھیں اور زندگی کے پیچیدہ معاملات اور پیدا ہونے والی صورتحال کو پوری طرح سمجھنے کی پوزیشن میں نہیں تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ مسرت مصباح نے اپنی ازدواجی زندگی میں پیدا ہونے والے مسائل کے باعث انہیں بعض معاملات سے روکنے کی کوشش بھی کی۔ تاہم بعد میں جب مسرت مصباح اور عامر کی طلاق ہوگئی تو جیا علی کا نام بھی اس معاملے کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔
جیا علی نے کہا کہ چونکہ وہ اس وقت ایک نوجوان ماڈل تھیں، اس لیے ان کا نام مسرت مصباح کے شوہر کے ساتھ جوڑ کر ایک اسکینڈل بنا دیا گیا۔ ان کے مطابق اس تنازع کا اثر ان کے کیریئر پر بھی پڑا اور بعض جگہوں پر ان کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیش آنے والے اس تنازع کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور بعد میں ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ جیا علی کے مطابق انہوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنے کیریئر کو جاری رکھا اور شوبز کی دنیا میں کامیابی حاصل کی۔
