الجزائر نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ الجزائر کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات برقرار رکھنے کے تمام ذرائع ختم ہونے کے بعد کیا گیا، تاہم سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی فوری طور پر کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی۔
رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے الجزائر کے اس اعلان پر تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
الجزائری میڈیا ماضی میں بھی متحدہ عرب امارات پر سخت تنقید کرتا رہا ہے اور امارات پر خطے میں اختلافات اور عدم استحکام کو ہوا دینے کی کوششوں کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا پس منظر
گزشتہ برس الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے خلیجی ممالک کے ساتھ الجزائر کے تعلقات کو مجموعی طور پر گرمجوش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب، کویت، عمان اور قطر کے ساتھ الجزائر کے تعلقات برادرانہ نوعیت کے ہیں۔ تاہم، انہوں نے ایک خلیجی ملک پر الجزائر کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا تھا۔
اگرچہ صدر عبدالمجید تبون نے اس وقت مذکورہ خلیجی ملک کا نام نہیں لیا تھا، تاہم ان کے بیان کو متحدہ عرب امارات کی جانب اشارہ سمجھا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اختلافات رواں سال فروری میں مزید نمایاں ہوئے، جب الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ 2013 میں ابوظہبی میں طے پانے والے فضائی سروسز معاہدے کو منسوخ کرنے کا عمل شروع کیا۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ایک اہم علامت قرار دیا گیا تھا۔
فرانس 24 کے مطابق الجزائری صدر مختلف خطابات میں متحدہ عرب امارات کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور اس پر خطے کے متعدد ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔
جولائی میں ایک ٹیلی وژن انٹرویو کے دوران بھی صدر تبون نے متحدہ عرب امارات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’جہاں بھی وہ قدم رکھتے ہیں، وہاں خون بہتا ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کا خطے پر انتہائی منفی اثر پڑا ہے۔
صدر تبون نے مزید کہا تھا کہ الجزائر چاہتا ہے کہ متحدہ عرب امارات اس کے اندرونی معاملات سے دور رہے تاکہ ملک میں خونریزی نہ ہو۔ ان کے مطابق اگر الجزائر عرب دنیا میں مزید تقسیم اور اختلافات کو گہرا ہونے سے روکنے کی کوشش نہ کرتا تو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کا خاتمہ بہت پہلے ہوچکا ہوتا۔
تازہ صورتحال میں الجزائر کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان کئی ماہ سے جاری کشیدگی کی اہم ترین پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم، الجزائر کی جانب سے تعلقات منقطع کرنے کی فوری اور واضح وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
