چین کی نجی خلائی کمپنی LandSpace کے تیار کردہ راکٹ ژوچوئے-3 (Zhuque-3) نے زمین کے مدار میں پرواز اور مشن کی تکمیل کے بعد اپنے پہلے مرحلے کو زمین پر بالکل سیدھا اور بحفاظت اتارنے میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہےجبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی چینی راکٹ نے مدار تک جانے کے بعد خودکار طریقے سے زمین پر ورٹیکل لینڈنگ کی ہے-
چینی نجی کمپنی ’لینڈ اسپیس‘ کے تیار کردہ راکٹ ’زیوکیو 3‘ نے زمین کے مدار میں مشن مکمل کرنے کے بعد اپنی لینڈنگ لیگز کی مدد سے زمین پر بالکل سیدھا اتر کر کامیابی سے لینڈنگ کی ہے،یہ پہلا موقع ہے جب کسی چینی نجی ایرو اسپیس کمپنی نے مدار میں پرواز کے بعد فرسٹ اسٹیج بوسٹر کو بحفاظت اور خودکار طریقے سے زمین پر واپس اتارنے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
اس سے قبل 10 جولائی کو سرکاری ادارے چائنا ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کے ‘لانگ مارچ 10 بی’ نے بھی واپسی کی آزمائش کی تھی، تاہم زیوکیو 3 نے مکمل طور پر اپنی لینڈنگ لیگز کے بل بوتے پر سیدھا کھڑے ہو کر لینڈنگ مکمل کی،کمپنی کے مطابق شمال مغربی چین کے ڈونگ فینگ کمرشل اسپیس زون سے لانچ کیے گئے اس دوسرے آزمائشی مشن نے مدار میں سیٹلائٹ پہنچانے کے بعد راکٹ کے دوبارہ قابلِ استعمال ڈیزائن اور پائیداری کو ثابت کر دیا ہے۔
ساخت اور لفٹنگ صلاحیت کے اعتبار سے زیوکیو 3 امریکی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کے معروف ‘فالکن 9’ راکٹ سے کافی مماثلت رکھتا ہے، تاہم دونوں کا ایندھن مختلف ہے، فالکن 9 مائع آکسیجن اور کیروسین پر کام کرتا ہے جبکہ زیوکیو 3 میں مائع آکسیجن اور مائع میتھین کا جدید امتزاج استعمال کیا گیا ہے، جس سے آئندہ خلائی مشنز کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
