Baaghi TV

شہری کی غیر قانونی حراست، عدالت کا سی سی ڈی اہلکاروں کے خلاف مقدمےکا حکم

lahore high court

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے شہری گلفام علی کو اوکاڑہ جیل سے رہائی کے بعد مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر دوبارہ حراست میں لینے کے معاملے میں سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ) کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محمد امجد رفیق نے مقصوداں بی بی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے اس واقعے سے متعلق پیش کیے گئے ویڈیو شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں گلفام علی کو اوکاڑہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد جیل کے باہر سے تحویل میں لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ ویڈیو شواہد سی سی ڈی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ سے مطابقت نہیں رکھتے، جس کے باعث رپورٹ کو تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ دستیاب شواہد اور رپورٹ میں واضح تضاد موجود ہے، جس کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث سی سی ڈی اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے۔ عدالت نے مزید حکم دیا کہ اس عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے 15 روز کے اندر تفصیلی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائے۔

More posts