Baaghi TV

14 سال بعد اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم

islamabad

اسلام آباد: 14 سال بعد اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔ محسن نقوی کا کہنا ہے ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے۔ وقت کے مطابق پولیس کی ضروریات کو پورا کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا۔ اسلام آباد پولیس کو عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کر سکے گی۔ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے۔ تھانوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ہماری ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے۔الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہو گی۔

طلال چوہدری نے کہا وزیر داخلہ نے آج نئی گاڑیاں اسلام آباد کے 27 تھانوں کے حوالے کر دی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں۔ اسلام آباد پاکستان کا دارلحکومت ہے اور یہیں سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج جاتا ہے۔ افسران کو بھی لاجسٹکس فراہم کئے جا رہے ہیں، ان کیلئے گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر بھی کام جاری ہے۔ اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے گا۔ نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کئے جا رہے ہیں، جس میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان تمام اقدامات سے ہم اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کیلے ماڈل بنائیں گے۔ یہ ساری تبدیلی صرف گزشتہ 2 سال میں آئی ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلی پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے

More posts