اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں معرکۂ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کی یاد میں قائم یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے قوم کو غلامی کے اندھیروں سے نجات دلا کر آزادی دلائی، جبکہ معرکۂ حق کی کامیابی پر پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح افواجِ پاکستان کی برتری کی علامت ہے، آج دلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹے مار رہا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور افواجِ پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اختلافات کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا، جبکہ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق مکہ دفاعی معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کی علامت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان اپنی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ کشمیریوں کے حق میں پاکستان کا مؤقف دوٹوک ہے اور کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔وزیراعظم نے افغانستان کی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے بروقت جنگ بندی کروا کر لاکھوں جانیں بچائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
