Baaghi TV

فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی سندھ میں نمائش کا معاملہ، فلم ساز سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے

فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ ملنے پر فلم سازوں نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

فلم سازوں کی جانب سے سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ پہلے ہی فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ بورڈ آف فلم سینسرز فلم کی نمائش کے لیے منظوری نہیں دے رہا، حالانکہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011ء کے تحت سینسر سرٹیفکیٹ سے انکار صرف قانونی بنیاد پر کیا جا سکتا ہے۔وکیل کے مطابق سینسر بورڈ کے قوانین کے تحت فلم کی نمائش پر پابندی کی کوئی واضح وجہ موجود نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم سازوں کو نہ تو کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔

More posts