نیدرلینڈ کے شہر تلبرگ میں دنیا بھر سے سرخ بالوں والے افراد سالانہ ’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ فیسٹیول میں شریک ہوئے، جہاں شرکا نے اپنے منفرد بالوں کے رنگ کو شناخت اور فخر کے ساتھ منایا۔
28 سے 30 اگست تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں مختلف ممالک اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 30 اگست کو شرکا نے مختلف تفریحی سرگرمیوں، اجتماعی تقریبات اور پروگراموں میں حصہ لیا، جبکہ سرخ بالوں والے افراد نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں اور اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔
’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ کو دنیا میں سرخ بالوں والے افراد کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جاتا ہے۔ فیسٹیول کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ سرخ بالوں والے افراد کے درمیان رابطے، خود اعتمادی، فخر اور باہمی قبولیت کے جذبے کو فروغ دینا بھی ہے۔
فیسٹیول میں فوٹو شوٹس، ورکشاپس، تخلیقی اور کھیلوں کی سرگرمیوں، موسیقی، رقص، لیکچرز اور سماجی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، جبکہ بچوں کے لیے بھی خصوصی سرگرمیاں رکھی گئیں۔ خاندانوں اور سرخ بالوں والے افراد کے دوستوں نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق سرخ، تانبے اور اس سے ملتے جلتے بالوں کے مختلف شیڈز رکھنے والے افراد کو فیسٹیول میں خوش آمدید کہا جاتا ہے، جبکہ سرخ بال نہ رکھنے والے افراد بھی اس عالمی جشن کا حصہ بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ کا آغاز 2005 میں ہوا تھا، جب ایک ڈچ مصور نے سرخ بالوں والے ماڈلز کی تلاش کے لیے اشتہار دیا۔ توقع کے برعکس بڑی تعداد میں لوگوں نے اس اشتہار پر رابطہ کیا، جس کے بعد یہ اجتماع سالانہ فیسٹیول میں تبدیل ہوگیا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ’ریڈ ہیڈ ڈیز‘ دنیا بھر کے سرخ بالوں والے افراد کے لیے ایک اہم عالمی اجتماع بن گیا، جہاں وہ اپنی منفرد شناخت کو بھرپور انداز میں مناتے ہیں۔
