کراچی کے علاقے ڈالمیا مجاہد کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا کارکن عاصم خان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ ڈالمیا مجاہد کالونی کی گلی نمبر 12 میں پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لے کر کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا، جس نے شواہد اکٹھے کیے۔ بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایچ او عزیز بھٹی انصر بٹ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ عاصم خان ولد عمر خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے بات چیت کے دوران عاصم خان پر فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عوامی نیشنل پارٹی کا کارکن تھا، تاہم ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ سیاسی نہیں بلکہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی کو بھی چند سال قبل قتل کیا گیا تھا، جس کے باعث پرانی دشمنی کے پہلو کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہو چکی ہیں اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کراچی میں فائرنگ سے اے این پی کارکن جاں بحق
