پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں جاری امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں اب تک کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے اس سوال پر کہ آیا پاکستان ان مذاکرات سے کوئی واضح اور ٹھوس نتیجہ حاصل کر سکے گا؟ پر کہا کہ اسلام آباد میں جاری امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے، ایران اور خطے کے بیشتر حصوں میں بمباری رک گئی ہے اور دونوں بڑی طاقتیں اب مذاکرات کی میز پر موجود ہیں، امید ہے یہ عارضی جنگ بندی آگے چل کر ایک مستقل امن معاہدے میں تبدیل ہو جائے گی۔
بلاول بھٹو کے مطابق پاکستان سمیت پوری دنیا ان مذاکرات کو احتیاط کے ساتھ امید کی نظر سے دیکھ رہی ہے، گزشتہ 6 ہفتوں میں جنگ نے نہ صرف انسا نی جانوں بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے جس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سفارتی عمل میں پاکستان کے علاوہ کئی دیگر ممالک نے بھی کردار ادا کیا ہے جن میں چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر،قطر اور دیگر خلیجی ممالک شامل ہیں، گزشتہ چند ہفتوں کے تجربے سے واضح ہو گیا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، اگر اس تنازعے کا کوئی مستقل اور متوازن حل نہ نکالا گیا تو اس کے اثرات مزید سنگین ہوں گے،ہ اس وقت تمام توجہ موجودہ بحران کے حل پر ہے اور پائیدار امن ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے-
