وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے اسلام آبادمیں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان ریلویز میں ادارہ جاتی اصلاحات، ایم ایل ون، نجی شعبے کی شمولیت اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔احد چیمہ نے ایم ایل ون کو قومی اہمیت کا حامل فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی اہم قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ اے ڈی بی نائب صدر نے ایم ایل ون پر حکومت پاکستان کی جانب سے پیش رفت اور رفتار کا خیرمقدم کرتے ہوئے منصوبے پر جلد عملی کام کے آغاز کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ تین سے چار برسوں کی مالیاتی، ساختی اور گورننس اصلاحات سے معیشت پر اعتماد بحال ہوا، جبکہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومتی اصلاحات اور معاشی استحکام کی عکاس ہے۔اے ڈی بی نائب صدر نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور میکرو اکنامک استحکام کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں پاکستان میں نجی شعبے سے متعلق سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے، نجکاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، ایس ایم ایز، برآمدات پر مبنی ترقی اور ہدفی ہنرمندی کے پروگراموں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔اے ڈی بی نائب صدر نے پراجیکٹ ریڈینس اصلاحات، جدید مالیاتی ذرائع، پالیسی بیسڈ گارنٹی اور پانڈا بانڈز کے اجرا کے لیے گارنٹی اقدامات کو سراہا۔بجلی کی ترسیل و تقسیم کے بنیادی ڈھانچے، پانی و غذائی تحفظ اور تکنیکی معاونت کے پروگراموں کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔رہنماوں کاترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
