Baaghi TV

بھارت، زیرِ تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ گرنے سے کم از کم 9 مزدور ہلاک

بھارتی ریاست سِکم میں زیرِ تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ گرنے سے کم از کم 9 مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ 15 مزدور تاحال سرنگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ پیر کو پیش آیا جہاں دریائے تیستا پر قائم سرکاری پن بجلی منصوبے کے لیے سرنگ تعمیر کی جا رہی تھی۔سِکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر راجیو روکا نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ تقریباً 25 سے 27 افراد سرنگ میں پھنس گئے تھے، جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔حکام کے مطابق ممکنہ طور پر سرنگ ایک دھماکے کی وجہ سے گری تاہم اس کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام کے مطابق زیرِ زمین چٹانوں سے خارج ہونے والی زہریلی میتھین گیس امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے، جس کے باعث صرف آکسیجن آلات سے لیس ٹیموں کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ 2023 میں بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک سرنگ گرنے کے بعد 41 مزدوروں کو 17 دن بعد بحفاظت نکالا گیا تھا۔

More posts