لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اگست کو پورے پاکستان میں شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمبولینسز کو بلا تعطل گزرنے دیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ حکومت عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے "بھتا لیوی” وصول کر رہی ہے، جو ایک قسم کا "جگا ٹیکس” ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں عوام کو آگاہ کرے گی کہ حکمران طبقہ کس طرح عوام کی جیبوں سے پیسہ نکال رہا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے تاکہ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں سالانہ تقریباً 1800 ارب روپے جمع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیٹرولیم لیوی اور دیگر ناجائز ٹیکس ختم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ عوام سے جھوٹ بول کر ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، جبکہ مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ نے عام شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کے دوران اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم انسانی ہمدردی کے پیش نظر صرف ایمبولینسز کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مہنگائی اور غیر ضروری ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کا بھرپور ساتھ دیں۔
