Baaghi TV

کفایت شعاری مہم، وزیراعظم آفس نے وزارتوں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد: وزیراعظم آفس نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کے نتائج سے متعلق تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران حاصل ہونے والی بچت کے مکمل اعداد و شمار اور تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم آفس نے مختلف اداروں سے یہ بھی پوچھا ہے کہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے فیصلے سے کتنی مالی بچت ہوئی، جبکہ بجلی کے استعمال میں کمی کے باعث ہونے والی بچت کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ رواں ماہ کے اندر اپنی رپورٹس جمع کرائیں تاکہ کفایت شعاری اقدامات کے عملی نتائج کا جائزہ لیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے، جس کے مطابق ادارے نے کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے ساڑھے چار ارب روپے سے زائد کی بچت کی ہے۔حکومتی حلقوں کے مطابق موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں آئندہ مالی نظم و ضبط اور اخراجات میں مزید کمی کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

More posts