مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو پرسکون رہنے اور فوری طور پر قریبی محفوظ مقامات یا پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق پیر کے روز مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن اور ہنگامی الارم بجائے گئے، جس کے بعد شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں یا محفوظ مقامات سے باہر نہ نکلیں۔
بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہنگامی الرٹ اسی روز جاری کیے گئے پہلے انتباہ کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا، جس سے خطے میں سیکیورٹی صورتحال کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔ وزارت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سائرن بجنے کے بعد فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں خطے میں مختلف فوجی سرگرمیوں اور حملوں کے بعد کئی خلیجی ممالک نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
بحرین کی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری تمام ہدایات پر عمل کریں، ایمرجنسی کی صورت میں طے شدہ حفاظتی طریقہ کار اختیار کریں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کریں۔
علاقائی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے، جبکہ مختلف ممالک سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے اور مزید تصادم سے بچنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بحرین میں جنگی سائرن، شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت
