Baaghi TV


آزاد کشمیر انتخابات پر بلاول بھٹو کا اظہارِ تشویش، سچ کمیشن بنانے کے عزم کا اعادہ

‎چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات اور وہاں کی مجموعی سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی اتنا مشکل وقت نہیں دیکھا گیا۔
‎اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر میں مرحلہ وار انتخابات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیر ایک وحدت ہے تو وہاں انتخابات بھی ایک ہی مرحلے میں ہونے چاہییں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھ مختلف مراحل میں ووٹنگ کرانے سے انتخابی عمل کی شفافیت اور یکسانیت پر سوالات جنم لیتے ہیں۔
‎چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں سچ کمیشن کے قیام سے متعلق منظور کی گئی قرارداد پر فوری عملدرآمد کیا جانا چاہیے تاکہ انتخابی عمل اور دیگر معاملات سے متعلق عوام کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔
‎انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی سچ کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم رہے گی اور شفافیت، انصاف اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔
‎بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابی عمل کی ضمانت ملنی چاہیے، کیونکہ جمہوری نظام کی مضبوطی عوام کے اعتماد سے ہی ممکن ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ اور آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق انتخابی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

More posts