Baaghi TV


چنئی میں تامل اداکارہ کے بہیمانہ قتل ، دھڑ ٹکڑوں میں برآمد، سر کی تلاش جاری

‎بھارت کے شہر چنئی میں ایک دل دہلا دینے والے قتل کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں پولیس نے لاش کے ٹکڑوں کی شناخت صرف دو مخصوص ٹیٹو اور زیورات کی مدد سے کرتے ہوئے مقتولہ کو ابھرتی ہوئی تامل اداکارہ سندھیہ قرار دیا۔
‎بھارتی میڈیا کے مطابق شہریوں نے کچرے کے ڈھیر کے قریب ایک پلاسٹک بیگ سے انسانی انگلیاں باہر نکلی دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے بیگ کھولا تو اس میں ایک کٹا ہوا ہاتھ اور ٹانگیں موجود تھیں۔ بعد ازاں شہر کے مختلف مقامات سے مزید پلاسٹک بیگز برآمد ہوئے جن میں انسانی ہڈیاں، جسمانی اعضاء اور لاش کے دیگر حصے رکھے گئے تھے۔
‎پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق تمام برآمد شدہ اعضاء ایک ہی خاتون کے تھے، جسے قتل کرنے کے بعد تیز دھار آلے سے ٹکڑے ٹکڑے کیا گیا تھا۔ تاہم لاش کا سر اور بایاں ہاتھ نہ ملنے کے باعث شناخت کرنا انتہائی مشکل ثابت ہو رہا تھا۔
‎تفتیش کے دوران پولیس کی توجہ مقتولہ کے دائیں ہاتھ پر بنے دو منفرد ٹیٹوز پر گئی۔ ایک ٹیٹو میں ہندو دیوتا شیو اور دیوی پاروتی کی تصویر تھی جبکہ دوسرے میں ڈریگن کا نقش بنا ہوا تھا۔ ان شناختی نشانات کے ساتھ موجود زیورات نے بھی شناخت میں اہم کردار ادا کیا۔
‎اسی دوران ایک خاتون نے اپنی 37 سالہ بیٹی، تامل اداکارہ سندھیہ، کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھیہ اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ چنئی میں رہائش پذیر تھی۔ والدہ کے مطابق داماد نے انہیں بتایا تھا کہ سندھیہ گھر سے باہر گئی ہے، مگر وہ واپس نہیں لوٹی۔
‎پولیس نے برآمد شدہ اعضاء کے شناختی نشانات اہلِ خانہ کو دکھائے، جس پر مقتولہ کی والدہ نے انہیں اپنی بیٹی کے طور پر شناخت کر لیا۔ بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ نے بھی تصدیق کر دی کہ برآمد ہونے والے جسمانی اعضاء سندھیہ ہی کے تھے۔
‎شناخت مکمل ہونے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر بالاکرشنن سے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی بیان میں شوہر نے دعویٰ کیا کہ سندھیہ اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی، تاہم دورانِ تفتیش اس کے بیانات میں تضاد سامنے آیا، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ قتل کی وجوہات اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

More posts