Baaghi TV

بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر اہم اجلاس

bilawal

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ کی طویل المدتی معاشی ترقی اور اسٹریٹجک منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے ان کے ممکنہ معاشی، صنعتی اور سماجی اثرات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں کیٹی بندر انٹیگریٹڈ کوریڈور منصوبے پر خصوصی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کیٹی بندر کو عالمی معیار کا بحری، تجارتی اور لاجسٹک مرکز بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سندھ کی معیشت کو نئی رفتار ملے گی۔شرکاء کو سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق اس منصوبے کے قیام سے کراچی کو خطے کے ایک مضبوط مالیاتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا جائے گا، جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم ہوگا۔اجلاس میں ڈیٹا انفراسٹرکچر انیشی ایٹو پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق انفراسٹرکچر اور جدید ڈیٹا سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جس کا مقصد صوبے کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید آئی ٹی خدمات کا علاقائی مرکز بنانا ہے۔

اس موقع پر فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت چھوٹے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات، زرعی مشینری اور نئی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی، جبکہ اشتراکی کاشتکاری کو فروغ دے کر زرعی پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ ان تمام منصوبوں سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور سندھ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔اجلاس کے شرکاء نے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے پی پی پی یونٹ کو کمپنی کی شکل دینے کی تجویز کی بھی توثیق کی، جبکہ منصوبوں کی شفاف اور مؤثر تکمیل کے لیے عالمی سطح کے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سندھ کی معاشی تبدیلی ایک طویل المدتی وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں پائیدار اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

More posts