Baaghi TV

بینظر انکم سپورٹ پروگرام کا مستحق خواتین کیلئے نئی سہولت سے متعلق اہم اعلان

اسلام آباد :بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) میں رجسٹرڈ مستحق خواتین کیلئے سمز اور ڈیجیٹل والٹس کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بی آئی ایس پی نے مستحقین کو غیرمصدقہ اطلاعات اور غیرمجاز ذرائع سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری عوامی آگاہی پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ بینظیر سمز صرف مقررہ اور مجاز بی آئی ایس پی دفاتر سے حاصل کی جائیں۔ مستحق خواتین کسی غیرمجاز شخص، ایجنٹ یا غیر سرکاری ذریعے سے سم حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس صورت میں انہیں مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔

حکام نے مستحقین کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور غیرمصدقہ معلومات پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمز اور ڈیجیٹل والٹس کے اجرا سے متعلق درست معلومات صرف بی آئی ایس پی کے سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔

بی آئی ایس پی کے مطابق کسی بھی قسم کی وضاحت یا رہنمائی درکار ہونے کی صورت میں مستحق خواتین اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں۔ پروگرام کا مقصد مستحقین کو مالی معاونت کی ادائیگی کیلئے محفوظ، آسان اور شفاف سہولیات فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے بی آئی ایس پی کے تمام مستحقین کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا عمل بھی تیز کردیا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے مطابق 2026 کے اختتام تک بی آئی ایس پی کے تمام مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس فراہم کردیئے جائیں گے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر اقدامات کررہی ہے، جبکہ راسٹ (Raast) کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس وقت 20 لاکھ سے زائد تاجر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت استعمال کررہے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

حکومت کی جانب سے QR کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بی آئی ایس پی مستحقین کو مالی امداد کی ادائیگی کا نظام مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔ تاہم مستحق خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی غیرمجاز شخص کو اپنی ذاتی معلومات، شناختی دستاویزات یا مالی تفصیلات فراہم نہ کریں اور سم یا ڈیجیٹل والٹ سے متعلق ہر معاملے میں صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔

More posts