انقرہ: ترکیے نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
ایک نجی نیوز ایجنسی کے مطابق ترکیے کے وزیر انصاف اکِن گورلیک نے بتایا کہ یہ کارروائی غزہ کیلئے انسانی امداد لے جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر سوار کارکنوں کے خلاف مبینہ حملے کے مقدمے کے سلسلے میں کی گئی ہے۔
ترک وزیر انصاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’این سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو، افیک ماسکووچ سمیت 35 ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔
اکِن گورلیک کے مطابق 14 جولائی 2026 کو نیتن یاہو اور ماسکووچ کے خلاف نسل کشی کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد وزارت انصاف نے وزارت داخلہ سے دونوں ملزمان کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کے حصول کیلئے ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دستاویزات وزارت خارجہ کو بھی ارسال کردی گئی ہیں تاکہ قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔
ترک وزیر انصاف کے مطابق نیتن یاہو اور ماسکووچ کے خلاف مقدمہ بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کیلئے انسانی امداد لے جانے والے شہریوں کے خلاف مبینہ مسلح مداخلت اور کارکنوں کو حراست میں لینے کے الزامات کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے۔
مقدمے میں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔
اکِن گورلیک نے واضح کیا کہ ترکیے غزہ میں مبینہ جرائم کے ذمہ دار افراد کو قانونی کارروائی سے بچنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت دستیاب تمام قانونی ذرائع کو مکمل عزم کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔
