Baaghi TV

امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کے 14 نکات سامنے آگئے: بلومبرگ

‎واشنگٹن: امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے 14 اہم نکات سامنے آ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط جمعہ کے روز متوقع ہیں، جبکہ تقریب پاکستان کی میزبانی میں سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔
‎بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے آئندہ 60 روز کے اندر ایک جامع اور حتمی معاہدے تک پہنچنے پر ابتدائی اتفاق کر لیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق پابندیوں، جوہری پروگرام اور دیگر حساس معاملات پر مذاکرات جاری رکھیں گے تاکہ مستقل معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
‎رپورٹ کے مطابق مجوزہ فریم ورک میں لبنان سمیت خطے کے تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کی تجویز شامل ہے۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ فریق ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے اصول پر بھی متفق ہوئے ہیں۔
‎بلومبرگ کے مطابق حتمی معاہدے میں افزودہ یورینیم اور جوہری مواد سے متعلق واضح شقیں شامل کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ 30 دن کے اندر بحری ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی، جبکہ آبنائے ہرمز میں امریکی فوج کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
‎رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں مرحلہ وار ختم کرنے پر آمادہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایران کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں گے، تیل کی برآمدات کی مکمل اجازت دی جائے گی اور تجارت و توانائی سے متعلق تمام اہم راستے دوبارہ بحال کیے جائیں گے۔
‎دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کی اقتصادی بحالی کے لیے 300 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان کر سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
‎واضح رہے کہ ان تمام تفصیلات کی متعلقہ حکومتوں کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ معاہدے سے متعلق مذاکرات اور مشاورت کا عمل بدستور جاری ہے۔

More posts