Baaghi TV


پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی اچھی خبر جلد آئے گی، وزیر پیٹرولیم

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوام کو جلد اچھی خبر ملنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔
‎جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستانی عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث گھریلو بجٹ متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
‎وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح ہدایت دی ہے کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئے، اس کا براہ راست فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اپنے اس وعدے پر عمل کرے گی اور قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام کو فوری ریلیف دیا جائے گا۔
‎علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں اس وقت خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کا خام تیل دوبارہ عالمی مارکیٹ میں دستیاب ہونے کی توقع کے باعث بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتیں نیچے آ رہی ہیں، جس کے مثبت اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی تیل مارکیٹ کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور قیمتوں کے تعین میں عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
‎وفاقی وزیر پیٹرولیم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جنہوں نے مختلف بین الاقوامی معاملات میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔

More posts