دریائے سواں میں ڈوبنے والے 40 سالہ شخص محمد افضل کی لاش تین روزہ مسلسل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد برآمد کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو راولپنڈی کنٹرول روم سے اطلاع موصول ہوئی کہ تحصیل چکوال کے علاقے کرلی گاؤں کے قریب دریائے سواں میں ایک شخص ڈوب گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 چکوال کی جانب سے مرکزی اسٹیشن چکوال سے ریسکیو وہیکل جبکہ بلکسر سے ایمبولینس جائے حادثہ کی طرف روانہ کی گئی اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق 40 سالہ محمد افضل ولد اللہ بخش، ساکن فیصل آباد، بجلی کی تار لے کر لکڑی کے ذریعے دریائے سواں عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دریا میں گر کر ڈوب گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر سکوبا سرچ میتھڈ کے ذریعے محمد افضل کی تلاش شروع کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق اس مقام پر دریائے سواں میں پانی کا بہاؤ تقریباً 70 سے 80 ہزار کیوسک، چوڑائی تقریباً 500 فٹ اور گہرائی تقریباً 35 فٹ تھی، جبکہ تیز پانی کے بہاؤ کے باعث سرچ آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ اندھیرا ہونے کے باعث مزید سرچ آپریشن روکنا پڑا، تاہم ریسکیو اہلکار موقع پر موجود رہے۔
اگلے روز رات کے دوران دریائے سواں میں پانی کی سطح میں تقریباً 4 سے 5 فٹ اضافہ ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سکوبا ڈائیونگ، بوٹ سرچ اور پیٹرولنگ سرچ کے ذریعے تلاش کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا۔ اس دوران تقریباً 150 میٹر تک سکوبا سرچ، بوٹ کے ذریعے 4 سے 5 کلومیٹر جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 10 کلومیٹر کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔
صفدر اقبال، لیڈ فائر ریسکیو کی نگرانی میں 14 ریسکیوز نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا، جن میں 2 بوٹ آپریٹرز، 2 سکوبا ڈائیورز، 3 سوئمرز اور بیک اپ اسٹاف شامل تھا۔ مسلسل کوششوں کے باوجود لاش نہ ملنے پر اندھیرا ہونے کے باعث اس روز بھی سرچ آپریشن روک دیا گیا۔
تیسرے روز ریسکیو ٹیموں نے دوبارہ پیٹرولنگ اور بوٹ سرچ میتھڈ کے ذریعے محمد افضل کی تلاش شروع کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق رات کے دوران پانی کی سطح میں مزید تقریباً 2 فٹ اضافہ ہوا، تاہم بعد میں پانی کی سطح معمول پر آگئی۔
مسلسل تین روزہ سرچ آپریشن کے دوران ریسکیو ٹیموں نے ہرنالی سیداں کے مقام پر محمد افضل کی لاش تلاش کرلی اور اسے دریا سے نکال لیا۔ لاش کو مزید قانونی اور طبی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو 1122 چکوال کی ٹیموں نے دریائے سواں کے تیز بہاؤ، گہرائی اور دشوار حالات کے باوجود تین روز تک مسلسل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا اور بالآخر لاش برآمد کرلی۔
