Baaghi TV

وزیراعظم سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی ملاقات

pm

اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں، بالخصوص لیپ ٹاپ اسکیم سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو بتایا کہ یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی تعلیمی ترقی، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں لیپ ٹاپ اسکیم کی پیش رفت، شفافیت کے طریقۂ کار، مستفید ہونے والے طلبہ کی تعداد اور آئندہ مرحلوں کے لائحۂ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی معیار بہتر بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت کو بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی حکومت نوجوانوں کی ہنر مندی اور استعدادِ کار میں مزید اضافے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔”انہوں نے ہدایت کی کہ لیپ ٹاپ اسکیم سمیت تمام یوتھ پروگرامز میں شفافیت، میرٹ اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور باصلاحیت نوجوان مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی منڈی کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے۔

ملاقات کے اختتام پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ نوجوانوں کی ترقی، تعلیم اور روزگار کے لیے تمام منصوبے تیزی اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائے جائیں گے، تاکہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار مزید مضبوط ہو سکے۔

More posts