روس میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت سامنے آیا جب جیل میں منشیات اسمگل کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی ایک بلی کو سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا۔ حکام کے مطابق بلی کے جسم کے ساتھ مخصوص کپڑے کے بنے دو کالر نما پیکٹ بندھے ہوئے تھے، جن میں مبینہ طور پر منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیا چھپائی گئی تھیں۔
روسی حکام کے مطابق یہ واقعہ 21 جولائی کو نزنی نووگوروڈ ریجن کی کریکشنل کالونی نمبر 17 کے قریب پیش آیا، جہاں جیل کے اہلکاروں نے مشتبہ نقل و حرکت دیکھ کر بلی کو قابو میں لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے ساتھ بندھے پیکٹوں سے منشیات برآمد ہونے کے بعد انہیں قبضے میں لے لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بلی کو اس مقصد کے لیے باقاعدہ تربیت دی گئی تھی یا پھر اسے خوراک کے ذریعے مخصوص راستے پر آنے جانے کا عادی بنایا گیا تھا تاکہ وہ بغیر شک کے جیل کے اندر ممنوعہ اشیا پہنچا سکے۔
واقعے کے بعد روسی حکام نے منشیات اسمگلنگ کی اس کوشش کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جنہوں نے بلی کو استعمال کرتے ہوئے جیل کے اندر منشیات پہنچانے کی منصوبہ بندی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی اسمگلنگ کے واقعات دنیا کے مختلف ممالک میں پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں، جہاں جیلوں میں موبائل فون، منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیا پہنچانے کے لیے جانوروں کو استعمال کیا گیا۔ تاہم روس میں پیش آنے والے اس تازہ واقعے نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے اور صارفین اس پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
روس میں بلی کے ذریعے جیل میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
