Baaghi TV

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ، انتخابی انتظامات کا جائزہ

مظفرآباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی انتظامات، سکیورٹی اور سرکاری ملازمین کی پولنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے علی اکبر اعوان ہائی اسکول، کے جی اسکول، چہلہ یونیورسٹی کیمپس اور ڈگری کالج میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابی عملے سے ملاقات کی، پولنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی حکام سے حفاظتی اقدامات پر بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی پولنگ کے عمل کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ عملے کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 27 جولائی کو اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا کہ انتخابات کو کسی بھی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے سکیورٹی کے مکمل اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز اور انتخابی عملہ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی پولنگ کا مرحلہ پرامن ماحول میں خوش اسلوبی اور تیز رفتاری سے جاری ہے، جبکہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ تمام مراحل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔

More posts