Baaghi TV

عوام کشمیر کو لاہور جیسا ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، کراچی جیسا نہیں،احسن اقبال

ahsan

نارووال: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقی، خوشحالی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے خواہاں ہیں، اسی لیے وہ کشمیر کو لاہور جیسا ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، کراچی جیسا نہیں۔

نارووال میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام دونوں جماعتوں کی کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کس دورِ حکومت میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے اور کس دور میں کرپشن کے بازار گرم رہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے 90 فیصد عوام ترقی، استحکام اور خدمت کی سیاست کو ووٹ دیں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پورے ملک میں عوام کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی، مضبوط معیشت اور عوامی خدمت کی علامت بن چکی ہے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دورِ حکومت میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں نمایاں کام کیا، جس کی وجہ سے عوام آج بھی پارٹی پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں ن لیگ کو ایسی شکست ہوگی جسے تاریخ یاد رکھے گی، جبکہ حکومت پیپلز پارٹی ہی بنائے گی۔کوٹلی میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ کوٹلی کی ہر نشست پر کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ حکومت سازی میں بھرپور کردار ادا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مستقبل کسی ایک جماعت یا شخصیت کی ملکیت نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ہاتھ میں ہے اور وہی اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں گے۔

More posts