چین کے ایک چڑیا گھر نے ایک منفرد ملازمت کا اشتہار جاری کیا ہے، جس میں امیدوار کو سیاہ ریچھ کا لباس پہن کر سیاحوں کے سامنے ریچھ کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس دلچسپ ملازمت کے بدلے سالانہ ایک لاکھ یوآن، یعنی پاکستانی کرنسی میں 41 لاکھ روپے سے زائدتنخواہ کی پیشکش کی گئی ہے۔
یہ ملازمت چین کے صوبہ ہینان کے شہر لووہے میں واقع لووہے وائلڈ لائف زو کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔ اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے اس میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
چڑیا گھر کی جانب سے جاری اشتہار کے مطابق امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور وہ جسمانی طور پر مکمل فٹ ہو۔ ملازمت کرنے والے افراد کو روزانہ 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ ہر ماہ چار دن کی چھٹی بھی دی جائے گی۔
اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ ریچھ کا کردار ادا کرنے والے افراد کو سیاحوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم وہ مختلف آوازیں نکال سکتے ہیں تاکہ حقیقی ریچھ کا تاثر برقرار رکھا جا سکے۔ انہیں چڑیا گھر آنے والے افراد سے کھانے پینے کی اشیا لینے کی بھی اجازت ہوگی۔
چڑیا گھر نے اشتہار میں دلچسپ انداز میں لکھا ہے کہ اگر ملازم تھک جائے تو وہ آرام سے لیٹ سکتا ہے، اور اگر توانائی محسوس کرے تو اچھل کود، رقص، درختوں پر چڑھنے یا مچھلیاں پکڑنے جیسی سرگرمیاں بھی انجام دے سکتا ہے تاکہ سیاحوں کو زیادہ دلچسپ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
اگرچہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے افراد کو ملازمت دی جائے گی، تاہم چڑیا گھر کے مطابق اب تک 100 سے زائد افراد اس منفرد نوکری کے لیے رابطہ کر چکے ہیں۔
چڑیا گھر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر اس کردار کو ادا کرنے والا شخص سوشل میڈیا پر مقبول ہو جائے تو وہ ایک لاکھ یوآن سالانہ سے بھی زیادہ آمدنی حاصل کر سکتا ہے، جبکہ اس سے چڑیا گھر میں آنے والے سیاحوں کی تعداد اور آمدنی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
ریچھ کا لباس پہننے کی نوکری، سالانہ 41 لاکھ روپے تنخواہ
