Baaghi TV

جانسن اینڈ جانسن کے پاؤڈر سے کینسر: کمپنی کی متاثرین کو 5.5 ارب ڈالرز ہرجانہ دینے کی پیشکش

مشہور کمپنی ’جانسن اینڈ جانسن‘ نے امریکا میں اپنے بے بی پاؤڈر اور دیگر ٹیلکم پاؤڈر مصنوعات کے خلاف دائر ہزاروں مقدمات نمٹانے کے لیے 5 ارب 50 کروڑ ڈالر تک کی ادائیگی کی پیشکش کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق، اربوں ڈالرز کی یہ پیشکش کئی برسوں سے جاری قانونی تنازع ختم کرنے کی کوشش ہے، جس کی وجہ سے نیو جرسی میں قائم اس بڑی کمپنی کو مسلسل قانونی چیلنجز کا سامنا رہا ہےجانسن اینڈ جانسن نے ایک بار پھر ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ٹیلکم پر مبنی مصنوعات کینسر کا سبب نہیں بنتیں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے مشہور بے بی پاؤڈر کی تیاری کا فارمولا بھی تبدیل کر دیا ہے۔

کمپنی کے نائب صدر برائے قانونی امور ایرک ہاس نے کہا ہے کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ایرک کے مطابق کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس کے خلاف پیش کیے گئے دعوؤں میں وزن نہیں، تاہم وہ اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی غرض سے تصفیہ پر آمادہ ہوئی ہے۔

کمپنی کے مطابق مجوزہ معاہدہ تقریباً 69 ہزار مقدمات پر لاگو ہوگا، جو ٹیلکم پاؤڈر سے متعلق باقی رہ جانے والے زیادہ تر دعوؤں کا احاطہ کرتے ہیں جانسن اینڈ جانسن نے بتایا کہ وہ آئندہ سال 3 ارب ڈالر تک ادا کرے گی، جبکہ اس کے بعد 2028 سے پہلے کسی اضافی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ اسی وقت حتمی ہوگا جب ریاستی اور وفاقی عدالتوں میں اووری کے کینسر سے متعلق مقدمات کے کم از کم 95 فیصد دعویداروں کی نمائندگی کرنے والی قانونی فرمز اس کی منظوری دیں گی۔

ایرک ہاس نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کو یقین ہے کہ اگر مقدمات کی کارروائی جاری رہتی تو وہ کامیاب ہو جاتی، کیونکہ اب تک عدالتوں میں زیر سماعت زیادہ تر مقدمات میں کمپنی کے حق میں فیصلے آئے ہیں، اس معاہدے سے کمپنی اس تنازع کو پیچھے چھوڑ کر اپنی بنیادی ذمہ داری، یعنی جان بچانے والی ادویات اور طبی آلات کی تیاری پر پوری توجہ دے سکے گی۔

کمپنی کی سابق شاخ ’کینویو‘ اب شمالی امریکا سے باہر جانسن بے بی پاؤڈر سے متعلق قانونی ذمہ داری کی مالک ہے کینویو کے پاس بینڈ ایڈ، لسٹرین اور کیلپول جیسے معروف برانڈز بھی موجود ہیں یہ کمپنی 2022 میں جانسن اینڈ جانسن سے الگ کی گئی تھی۔

جانسن اینڈ جانسن کے خلاف ٹیلکم پر مبنی بے بی پاؤڈر سے متعلق مقدمات کا سلسلہ 2009 میں شروع ہوا تھا رواں سال جولائی میں ایک امریکی وفاقی عدالت نے کمپنی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اس بات پر سوال اٹھایا تھا کہ آیا انفرادی مدعی یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ ان کے اووری کے کینسر کی براہ راست وجہ ٹیلکم ہی تھا۔

ٹیلکم ایک قدرتی معدنی مادہ ہے جو میگنیشیم، سلیکان، آکسیجن اور ہائیڈروجن پر مشتمل ہوتا ہے اس کی نرم اور ملائم ساخت کی وجہ سے اسے برسوں تک بے بی پاؤڈر اور دیگر کاسمیٹک مصنوعات میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

مدعیان کا مؤقف ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی بعض ٹیلکم مصنوعات میں ایسبیسٹس موجود تھا، جس کے باعث کینسر پیدا ہوا ایسبیسٹس ایک ایسا مادہ ہے جسے کینسر کا سبب بننے والا سمجھا جاتا ہے، اور چونکہ زمین میں ٹیلکم اور ایسبیسٹس کی تہیں اکثر ایک دوسرے کے قریب ہوتی ہیں، اس لیے آلودگی کے خدشات سامنے آتے رہے ہیں۔

دوسری جانب جانسن اینڈ جانسن مسلسل ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہے کمپنی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ مختلف مطالعات کے مطابق اس کا ٹیلکم محفوظ ہے، اس میں ایسبیسٹس شامل نہیں اور یہ کینسر کا باعث نہیں بنتا2022 میں جانسن اینڈ جانسن نے اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ٹیلکم پر مبنی بے بی پاؤڈر کی تیاری اور فروخت بند کر دے گی، اس سے دو سال قبل کمپنی امریکا میں اس مصنوعات کی فروخت روک چکی تھی۔

اس وقت کمپنی نے کہا تھا کہ عالمی سطح پر اپنے مصنوعات کے جائزے کے بعد اس نے تجارتی بنیادوں پر فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ مکمل طور پر کارن اسٹارچ پر مبنی بے بی پاؤڈر فروخت کرے گی۔

More posts