وفاقی وزیر برائے قومی صحت سروسز سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز اسپتال) میں آتشزدگی کے باعث متاثرہ والدین کے غم اور دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے تصدیق کی کہ افسوسناک واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے ہیں، محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل اور ہیلتھ سیکریٹری اس وقت پمز اسپتال میں موجود ہیں اور امدادی و انتظامی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آگ صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد لگی،‘کمپریسر پھٹنے کے فوراً بعد اچانک بجلی کی بندش نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا اور آگ تیزی سے پھیل گئی، واقعے کے وقت انتہائی نگہداشت یونٹ یعنی آئی سی یو میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود تھا، جنہوں نے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی،تاہم آگ نے اتنی تیزی سے شدت اختیار کی کہ اسے قابو کرنا انتہائی مشکل ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے وقت اسپتال میں موجود آگ بجھانے کے تمام آلات مکمل طور پر فعال اور قابلِ استعمال تھےتاہم وارڈ میں آکسیجن کی بڑی مقدار موجود ہونے کے باعث آگ نے انتہائی تیزی سے پھیلاؤ اختیار کیا،حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
