Baaghi TV

ایران موجودہ معاشی اور سیاسی دباؤ کا مقابلہ جاری رکھے گا، مسعود پزشکیان

iran

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کی جانب سے جاری اقتصادی دباؤ کے سامنے جھکنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکی اقتصادی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو درپیش مشکلات کے سامنے ہتھیار ڈالنے یا دباؤ قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے واضح کیا کہ ایران موجودہ معاشی اور سیاسی دباؤ کا مقابلہ جاری رکھے گا،ا مریکا کی اقتصادی کارروائیوں کا ایک مقصد ایران کے عوام کے درمیان اختلافات اور تقسیم پیدا کرنا بھی ہے،اقتصادی مشکلات کے ذریعے ایرانی معاشرے میں بے چینی اور باہمی اختلافات کو بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مسعود پزشکیان نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ مشکلات کے دوران ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور باہمی ہمدردی کا مظاہرہ کریں،قومی اتحاد موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے،ایرانی صدر نے خاص طور پر ملک کے دانشور طبقے، ماہرین تعلیم اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی، یہ طبقے معاشرے میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور سماجی مسائل کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پزشکیان نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت اور عوام کے درمیان تعاون مزید ضروری ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات کو ایک دوسرے کے قریب آنا ہوگا۔

جب امریکا نے ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے واشنگٹن نے ایرانی معیشت سے منسلک مختلف افراد، اداروں اور شعبوں پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والے دیگر ممالک اور اداروں کے خلاف بھی ممکنہ کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے،امریکی اقتصادی دباؤ میں ایران کی تیل کی تجارت، مالیاتی نظام، شپنگ، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں، ان اقدامات کا مقصد ایران کی مالی اور فوجی صلاحیتو ں کو محدود کرنا ہے۔

ایران دوسری جانب امریکی مؤقف کو مسترد کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے اقتصادی دباؤ دراصل ایرانی عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنے اور ملک کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

More posts