نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہانگژو میں پاک چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کے بعد وہ اہم سیاسی اور اقتصادی اجلاسوں میں شرکت کے لیے بیجنگ روانہ ہو رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ لیو ہائیشنگ کے ساتھ دوسرے پاکستان۔چین پولیٹیکل پارٹیز فورم اور سی پیک پولیٹیکل پارٹیز جوائنٹ کنسلٹیشن میکانزم کے چوتھے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان اجلاسوں میں سیاسی باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ معیار کے سی پیک تعاون کو فروغ دینے اور پاک چین دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے پر نتیجہ خیز گفتگو متوقع ہے،اسحاق ڈار نے ہانگژو کو خوبصورت اور متحرک شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس شہر کی خوشگوار یادیں ساتھ لے کر بیجنگ روانہ ہو رہے ہیں۔
