Baaghi TV

ڈریپ کا دوا ساز کمپنیوں کو ای ایپ پر مصنوعات کا ریکارڈ درست کرنے کیلئے آخری موقع

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے دوا ساز کمپنیوں کو ای ایپ سافٹ ویئر پر مصنوعات کا ریکارڈ درست اور اپ ڈیٹ کرنے کے لیے آخری موقع دے دیا۔

ڈریپ کے مطابق ای ایپ سافٹ ویئر پر مصنوعات کے ڈیٹا کی آن لائن تصدیق اور اپ ڈیٹ کی مقررہ آخری تاریخ گزر چکی ہے، جس کے بعد فارما کمپنیوں کے لیے آن لائن ریکارڈ کی تصدیق کا عمل بند کردیا گیا ہے۔ اب دواساز کمپنیوں کو اپنے ریکارڈ میں مزید کسی بھی قسم کی تصحیح یا اپ ڈیٹ کے لیے ڈریپ کے ایم آئی ایس ڈویژن سے رجوع کرنا ہوگا۔

اتھارٹی کے مطابق ریکارڈ میں تبدیلی کے لیے درخواست جمع کراتے وقت مطلوبہ ترمیم کے ثبوت اور تمام متعلقہ معاون دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ ایم آئی ایس ڈویژن 15 ستمبر تک ریکارڈ کی تصحیح سے متعلق درخواستوں پر کارروائی کرے گا۔

ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ معاون دستاویزات کی جانچ اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد ہی متعلقہ ریکارڈ میں مطلوبہ تبدیلی کی جائے گی۔ اس کے بعد کمپنیوں کو اپنے مصنوعات کے ڈیٹا میں تبدیلی یا تصحیح کے لیے مقررہ طریقہ کار کے تحت درخواست دینا ہوگی۔

یاد رہے کہ ڈریپ نے جعلی اور غیر قانونی ادویات کی روک تھام، ادویات کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے اور مصنوعات کی نگرانی کے لیے ای ایپ سافٹ ویئر متعارف کرایا تھا۔

More posts