Baaghi TV

ہمیشہ دعا کرتی ہوں کہ مرد زیادہ مہربان اور حساس ہوں، کرینہ کپور

kareena

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے کہا ہے کہ ماں بننے کے بعد ان کی اداکاری میں مزید گہرائی اور نکھار آیا ہے، جبکہ وہ اپنے بیٹوں تیمور اور جے کو جذبات کا کھل کر اظہار کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

ممبئی میں فلم ’دائرہ‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب کے دوران 45 سالہ کرینہ کپور نے فلم میں اپنے حساس کردار اور ذاتی زندگی پر اس کے اثرات کے حوالے سے گفتگو کی۔کرینہ کپور نے کہا کہ جب سے وہ ماں بنی ہیں، ان کی اداکاری میں مزید نکھار آیا ہے۔ انہوں نے فلم کی ہدایتکارہ میگھنا گلزار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کے لیے ایک بہترین کردار تخلیق کیا، جس نے انہیں زندگی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع دیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’دائرہ‘ میں ان کا کردار ان کی زندگی کے یادگار کرداروں میں سے ایک ہے اور فلم کے بعض مناظر نے انہیں حقیقی طور پر جذباتی کردیا۔

بچوں کے خلاف تشدد کے حساس موضوع پر بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ بچوں کی حفاظت صرف ماؤں کی ذمہ داری نہیں بلکہ لڑکوں اور مردوں کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایک ماں کی حیثیت سے وہ اپنے بچوں کے حوالے سے فکرمند رہتی ہیں کیونکہ ہر ماں چاہتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بہترین انداز میں حفاظت کرے، تاہم وہ اپنے بیٹوں کو یہ بھی سکھانا چاہتی ہیں کہ وہ خود بھی ذمہ دار شہری بنیں۔کرینہ کپور نے کہا کہ وہ ہمیشہ دعا کرتی ہیں کہ مرد زیادہ مہربان اور حساس ہوں۔ عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ لڑکیاں ہی جذباتی اور حساس ہوتی ہیں، لیکن ایسا ضروری نہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو ہمیشہ کہتی ہیں کہ اگر اسے رونا آتا ہے تو وہ ضرور روئے، کیونکہ اپنے جذبات کو محسوس کرنا اور یہ سمجھنا ضروری ہے کہ انسان اندر سے کیا محسوس کر رہا ہے۔

فلم کے ایک منظر کا ذکر کرتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ اس میں اس سوچ کو چیلنج کیا گیا ہے کہ ’غلطی ہمیشہ لڑکی کی ہی ہوتی ہے‘۔ ان کے مطابق یہ منظر اتنا اثر انگیز تھا کہ انہیں جذباتی ہونے کے لیے گلیسرین کی ضرورت نہیں پڑی بلکہ مکالمے اور منظر کی کیفیت نے انہیں قدرتی طور پر رلا دیا۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکارہ میگھنا گلزار کی فلم ’دائرہ‘ سچے واقعات سے متاثرہ ہے، جس میں ایک سنگین جرم اور اس کے بعد ملک بھر میں سامنے آنے والے شدید عوامی ردعمل کو موضوع بنایا گیا ہے۔فلم کو پین اسٹوڈیوز کے بینر تلے 18 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔

More posts