لاہور: دورۂ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کیے گئے حالیہ فیصلے سابق کرکٹرز کی تنقید کی زد میں آگئے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے پی سی بی کے فیصلوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کو انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کے لیے شامل کرنا ایک حیران کن فیصلہ ہے۔سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی پی سی بی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ مسلسل تبدیلیاں کرتا رہتا ہے، جس کے باعث ٹیم میں استحکام نظر نہیں آتا۔سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کسی بھی دورے کے دوران فوری طور پر احتساب کرنے کے بجائے دورہ مکمل ہونے کے بعد معاملات کا جائزہ لینا چاہیے اور اس کے بعد ذمہ داروں کا تعین کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن بھی پاکستان ٹیم میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر حیران دکھائی دیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے سمیت اتنی زیادہ تبدیلیاں واقعی کی گئی ہیں؟
سابق کرکٹرز کے مطابق ٹیم میں بار بار تبدیلیوں کے بجائے مستقل پالیسی، بہتر منصوبہ بندی اور کھلاڑیوں کو مناسب مواقع دینا ضروری ہے تاکہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
