دبئی: دبئی پولیس نے ڈیرہ کے علاقے میں واقع ایک منی ایکسچینج پر ہونے والی مسلح ڈکیتی کی واردات کو صرف 10 منٹ کے اندر ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دبئی پولیس کے مطابق مسلح اور نقاب پوش ڈاکو منی ایکسچینج سے ایک کروڑ درہم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر ڈیرہ کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی جبکہ فضائی نگرانی کے لیے پولیس ہیلی کاپٹر بھی حرکت میں آ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران منی ایکسچینج کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں باندھ دیا تھا۔ اسی دوران ایک ملازم نے موقع ملتے ہی اپنے موبائل فون کے ذریعے دبئی پولیس کو خفیہ طور پر اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کے الرٹ نظام نے فوری کارروائی شروع کر دی۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کا سراغ لگایا گیا اور مختصر تعاقب کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی مکمل رقم بھی برآمد کر لی۔
حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق ایک افریقی ملک سے ہے۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واردات کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دبئی پولیس نے اس کامیاب کارروائی کو اپنے جدید سیکیورٹی نظام، فوری ردعمل اور زمینی و فضائی ٹیموں کے مؤثر تعاون کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور کاروباری اداروں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔
دبئی میں منی ایکسچینج پر ایک کروڑ درہم کی ڈکیتی ناکام
