Baaghi TV

اسلام آباد میں کھدائی کے دوران میزائل برآمد، سکیورٹی ادارے متحرک

‎اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں ایک پلاٹ پر کھدائی کے دوران میزائل نما شے برآمد ہونے کے بعد سکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہوگئے۔ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور احتیاطی اقدامات شروع کر دیے۔
‎ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تھانہ آئی نائن کی حدود میں پلاٹ نمبر 381 پر پیش آیا، جہاں تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کو زمین سے میزائل نما شے ملی۔ اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور شے کا تفصیلی معائنہ کیا۔
‎بم ڈسپوزل ٹیم نے تمام حفاظتی تقاضے پورے کرتے ہوئے میزائل کو محفوظ انداز میں ناکارہ بنایا، جس کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید تکنیکی اور فرانزک تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ میزائل وہاں کیسے پہنچا، اس کی نوعیت کیا تھی اور آیا یہ فعال حالت میں تھا یا نہیں۔
‎سکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے فی الحال اس بارے میں کوئی حتمی رائے دینے سے گریز کیا ہے اور کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
‎یہ واقعہ اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ برس جنوری میں بھی آئی نائن پولیس اسٹیشن کے قریب ایک مشتبہ منی راکٹ حملے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس وقت ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی تھی، تاہم ابتدا میں اسے ٹائر پھٹنے کا واقعہ سمجھا گیا۔ اگلے روز معائنے کے دوران پولیس اسٹیشن کی دیوار پر ایسے نشانات ملے جن سے شبہ ظاہر کیا گیا کہ کوئی راکٹ نما شے عمارت سے ٹکرائی تھی۔
‎اس واقعے کے بعد بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر فرانزک شواہد اکٹھے کیے تھے اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔ تازہ واقعے کے بعد ایک بار پھر دارالحکومت میں حساس تنصیبات اور تعمیراتی مقامات کی نگرانی مزید سخت کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

More posts