بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ایک افسوسناک حادثے میں کچرے کا بڑا ڈھیر انتظامی عمارت پر گرنے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ پمپری چنچواڑ میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام موشی گاربیج ڈپو میں پیش آیا، جہاں توانائی پیدا کرنے کے منصوبے کے لیے جمع کیا گیا کچرا اچانک کھسک کر قریبی انتظامی عمارت پر آ گرا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت مجموعی طور پر 23 افراد ملبے اور کچرے تلے دب گئے تھے۔ ان میں سے 22 افراد عمارت کے اندر جبکہ ایک شخص باہر موجود تھا۔ خوش قسمتی سے پانچ افراد ابتدائی لمحوں میں ہی خود کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ دیگر کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں کی گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں اور بھارتی فوج نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ بھاری مشینری کی مدد سے کچرے کے بڑے ڈھیر کو ہٹا کر متاثرین تک رسائی حاصل کی گئی۔
حکام کے مطابق اب تک آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک شخص تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ حادثے کے باعث انتظامی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کے بعد حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری کچرے کو محفوظ انداز میں ذخیرہ کرنا اور ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی ایسے حادثات سے بچنے کے لیے ناگزیر ہے۔
بھارت: کچرے کا پہاڑ عمارت پر آ گرا، 8 افراد جابحق
