Baaghi TV

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مالی گوشواروں کی تفصیلات مانگ لیں

election commision

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مالی سال 2025-26 کے سالانہ مالی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں اپنے مالی گوشوارے 29 اگست تک لازمی طور پر جمع کرائیں۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے اکاؤنٹس فارم-ڈی پر جمع کرائے جائیں گے اور اس سلسلے میں مقررہ ضابطوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مالی گوشواروں کے ساتھ کسی مستند چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی آڈٹ رپورٹ منسلک کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ہر سیاسی جماعت کا سربراہ یہ سرٹیفکیٹ بھی فراہم کرے گا کہ جماعت نے کسی قسم کی ممنوعہ فنڈنگ وصول نہیں کی۔

اعلامیے کے مطابق فارم-ڈی میں کسی بھی قسم کی اوور رائٹنگ قابل قبول نہیں ہوگی، جبکہ سیاسی جماعتوں کو یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک کی بینک اسٹیٹمنٹس بھی گوشواروں کے ساتھ جمع کرانا ہوں گی۔الیکشن کمیشن نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام مالی گوشوارے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے دفتر میں ذاتی طور پر جمع کرائے جائیں گے۔ ڈاک، فیکس یا کوریئر سروس کے ذریعے بھیجے گئے فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت اور قواعد کے مطابق مالی گوشوارے جمع کرانا تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی قانونی ذمہ داری ہے۔

More posts