واشنگٹن: سابق امریکی سینیٹر کرسٹن سینیما نے عدالتی بیان میں اپنے سابق سیکیورٹی گارڈ میتھیو ایمل کے ساتھ تعلقات اور متعدد مواقع پر جنسی تعلق قائم ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ یہ معاملہ اس وقت عدالت میں زیرِ سماعت ہے جب میتھیو ایمل کی سابق اہلیہ ہیدر ایمل نے سینیما کے خلاف 75 ہزار ڈالر سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق سینیما نے 31 جولائی کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ میتھیو ایمل اس وقت ان کی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ تھا جب دونوں کے درمیان تعلقات شروع ہوئے۔ سینیما کے مطابق دونوں کے درمیان پہلی مرتبہ جسمانی تعلق مئی 2024 کے اواخر میں کیلیفورنیا کے شہر ناپا میں قائم ایک ایئر بی این بی میں ہوا۔سابق سینیٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس کے بعد دونوں کے درمیان مختلف شہروں اور مواقع پر تعلقات قائم ہوئے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق ان میں نیویارک، واشنگٹن ڈی سی، کولوراڈو اور فینکس کے واقعات بھی شامل ہیں۔کرسٹن سینیما کے مطابق انہیں دسمبر 2023 میں معلوم ہوچکا تھا کہ میتھیو ایمل شادی شدہ ہے اور اس کے تین بچے ہیں۔ اس کے باوجود دونوں کے درمیان تعلقات جاری رہے۔
میتھیو ایمل کی سابق اہلیہ ہیدر ایمل نے گزشتہ سال سینیما کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ یہ مقدمہ امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے ایک قانون کے تحت دائر کیا گیا ہے، جس کے تحت بعض حالات میں شریکِ حیات کے ازدواجی تعلق کو نقصان پہنچانے کے الزام پر تیسرے فریق کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا جاسکتا ہے۔ہیدر ایمل نے سینیما پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے سابق شوہر کے ساتھ تعلقات نے ان کی 14 سالہ ازدواجی زندگی کو شدید متاثر کیا۔ وہ مقدمے میں 75 ہزار ڈالر سے زائد مالی ہرجانے کی درخواست کر رہی ہیں۔سینیما نے جنوری میں مقدمہ وفاقی عدالت منتقل کرنے کی کوشش کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ مبینہ تعلقات کا بڑا حصہ شمالی کیرولائنا سے باہر پیش آیا، جس کے باعث ریاستی قانون کے اطلاق پر سوال پیدا ہوتا ہے۔
مقدمے میں سینیما پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے میتھیو ایمل کو سائیکیڈیلک منشیات کے استعمال کی جانب مائل کیا، مبینہ طور پر دماغی چوٹوں اور ذہنی مسائل سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے۔ سینیما نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ایمل کی صحت کے مسائل کا علم تھا اور وہ ان کی فکر کرتی تھیں۔
دوسری جانب ہیدر ایمل نے اپنے شوہر کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں شوہر کے فون میں ایک پیغام ملا جس سے انہیں سینیما اور ان کے شوہر کے درمیان تعلقات کا علم ہوا۔ پیغام میں سینیما نے ایمل کے لیے جذباتی نوعیت کے الفاظ تحریر کیے تھے۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق ہیدر ایمل اور میتھیو ایمل نومبر 2024 میں الگ ہوگئے تھے، جبکہ ان کی طلاق رواں سال مارچ میں حتمی ہوئی۔
کرسٹن سینیما نے 2018 میں امریکی سینیٹ کا انتخاب جیتا تھا اور بعد ازاں ڈیموکریٹک پارٹی سے الگ ہوکر آزاد سینیٹر کی حیثیت سے کام کیا۔ ان کی سینیٹ کی مدت جنوری 2025 میں ختم ہوئی۔مقدمے کی اہم شواہد سماعت 19 اگست کو وفاقی عدالت میں مقرر ہے، جہاں فریقین کے مؤقف اور دستیاب شواہد کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔
