لندن: برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر نے معمولاتِ زندگی کو اس قدر متاثر کر دیا کہ موسمیاتی تبدیلی اور شدید گرمی سے نمٹنے کے موضوع پر منعقد ہونے والی ایک اہم کانفرنس بھی منسوخ کر دی گئی۔
یہ تقریب لندن اسکول آف اکنامکس (LSE) میں لندن کلائمیٹ ایکشن ویک کے دوران منعقد ہونا تھی، جہاں دنیا بھر کے ماہرین شدید گرمی کے اثرات اور اس سے نمٹنے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنے والے تھے۔ تاہم منتظمین نے اعلان کیا کہ برطانیہ کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ریڈ ایکسٹریم ہیٹ وارننگ کے باعث تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔
منتظمین کے مطابق شدید گرمی اور غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر شرکاء کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جس مسئلے پر آگاہی اور حل تلاش کرنے کے لیے کانفرنس منعقد کی جا رہی تھی، وہی مسئلہ اس کی منسوخی کی وجہ بن گیا۔
دوسری جانب برطانوی محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی ریڈ وارننگ میں مزید توسیع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق غیر معمولی حد تک گرم اور مرطوب موسم کا سلسلہ کل رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ریڈ وارننگ لندن، جنوب مشرقی اور جنوب مغربی انگلینڈ، ویلز، ویسٹ مڈلینڈز، ایسٹ مڈلینڈز اور مشرقی انگلینڈ کے علاقوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی صحت عامہ، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ سرگرمیوں پر سنگین اثرات مرتب کر سکتی ہے۔