سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وہ ویڈیو جس میں دبئی کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو آگ میں جلتا ہوا دکھایا گیا، حقیقت میں جعلی اور انڈیا کا پراپیگنڈہ قرار دی گئی ہے۔ فیکٹ چیک کے مطابق یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے اور اس کا حقیقی واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایک آن لائن ڈیٹیکشن ٹول نے اس ویڈیو کو 99.9 فیصد امکان کے ساتھ اے آئی سے تیار کردہ قرار دیا ہے۔ ویڈیو کو بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے امریکا کے ایران پر حملے کے تناظر میں شیئر کیا جا رہا تھا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران متحدہ عرب امارات میں دبئی کے قریب دھماکوں کی اطلاعات ضرور سامنے آئیں، تاہم برج خلیفہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی عمارت میں آگ لگنے کی کوئی تصدیق ہوئی۔
ماہرین کے مطابق جنگی حالات میں سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے پھیلائی جاتی ہیں، اس لیے عوام کو غیر مصدقہ مواد پر یقین کرنے سے پہلے مستند ذرائع سے تصدیق کرنی چاہیے۔
برج خلیفہ میں آگ لگنے کی ویڈیو جعلی قرار، اے آئی سے تیار کی گئی ویڈیوانڈین پراپیگنڈہ
