اسلام آباد: وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی ہدایت پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی اداروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے لیے سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سربراہی میں معائنہ ٹیم نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
معائنہ ٹیم میں ایڈوائزر میجر جنرل (ر) ہارون سکندر پاشا، کنسلٹنٹ پرویز حلیم راجپوت اور کنسلٹنٹ خالد سیال شامل تھے۔ دورے کے دوران ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ ایئرپورٹ پر موجود مختلف اداروں کے درمیان مطلوبہ رابطہ اور کوآرڈینیشن موجود نہیں، جس پر انتظامیہ کو باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی۔ٹیم نے مسافروں سے ملاقات کرکے ان کی شکایات بھی سنیں اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو متعدد شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی بیشتر شکایات امیگریشن میں غیر معمولی تاخیر، ایف آئی اے، اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز عملے کی جانب سے مبینہ طور پر ناجائز تنگ کیے جانے، سامان کی تاخیر سے آمد اور واش رومز کی ناقص حالت سے متعلق تھیں۔
معائنہ ٹیم نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ بزرگ شہریوں اور وہیل چیئر استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے مختص کاؤنٹرز پر کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ ٹیم کے سربراہ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، بالخصوص بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے مختص کاؤنٹرز پر ہر وقت نمائندے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ٹیم نے گزشتہ دوروں کے دوران دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران معلوم ہوا کہ بعض سفارشات پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
گزشتہ دورے میں کارگو سینٹر کے باہر مسافروں کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات، کیفے ٹیریا اور بینک کی برانچ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ان سفارشات پر تاحال عملدرآمد زیر التوا ہے۔ اس پر معائنہ ٹیم کے سربراہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر کارگو سینٹر میں بینکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ٹیم کو بتایا گیا کہ مسافروں کو ٹھوس وجوہات بتائے بغیر آف لوڈ نہ کرنے کی سابقہ ہدایت پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اب آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کو وجوہات اور شواہد تحریری طور پر فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ اس کا مکمل ریکارڈ بھی محفوظ کیا جا رہا ہے۔ایئرپورٹ کی کینٹین اور اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں زیادہ ہونے کی شکایات پر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ اشیاء کے مارکیٹ ریٹس اور ایئرپورٹ پر مقررہ نرخوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائے۔
معائنہ ٹیم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے وفاقی محتسب کی جانب سے قائم کیے گئے ’’یکجا سہولتی ڈیسک‘‘ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وہاں موجود 12 وفاقی ایجنسیوں کے ذمہ داران سے شکایات کی نوعیت کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں جبکہ شکایات اور حاضری رجسٹر بھی چیک کیے گئے۔بعد ازاں ٹیم نے ایئرپورٹ پر موجود وفاقی حکومتی اداروں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کیا اور متعلقہ اداروں کے مقامی سربراہان کو ہدایت کی کہ مسافروں، خصوصاً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔معائنہ ٹیم نے دورے کی ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کردی ہے۔
