Baaghi TV

ایف آئی اے کی کاروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث 7 رکنی گینگ گرفتار

کراچی،ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایات پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے دو روز قبل نارتھ ناظم آباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 7 رکنی گینگ کو گرفتار کیا،

ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف ناموں سے دفاتر قائم کر کے شہریوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دیتے تھے، ملزمان نے کرائے کی عمارت میں باقاعدہ دفتر قائم کر رکھا تھا جہاں سے غیر قانونی سرگرمیاں چلائی جا رہی تھیں، چھاپے کے دوران سیکڑوں پاکستانی پاسپورٹس، جدید اسلحہ، پولیس کی وردیاں، لیپ ٹاپس اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے، تحقیقات کے مطابق ملزمان شہریوں سے بیرون ملک ملازمت اور ویزوں کے نام پر 8 سے 10 لاکھ روپے فی کس وصول کرتے تھے، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان کسی بھی متاثرہ شخص کو ویزا فراہم نہیں کرتے تھے بلکہ مختلف حیلے بہانوں سے انہیں ٹالتے رہتے تھے،شہری جب ویزے یا رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتے تو ملزمان کے ساتھی پولیس کی جعلی وردیاں پہن کر انہیں دھمکاتے اور ہراساں کرتے تھے،اب تک 52 متاثرہ شہری سامنے آ چکے ہیں، جبکہ مزید متاثرین کی نشاندہی اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منظم نیٹ ورک گزشتہ پانچ برس سے انسانی اسمگلنگ اور فراڈ کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ایف آئی اے نے نیٹ ورک کے مزید سہولت کاروں کی گرفتاری اور مالی معاملات کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے،

More posts