بنوں کے علاقوں ممباتی برکزئی اور خنی کلہ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران بم ڈسپوزل یونٹ نے مختلف مقامات پر نصب 6 دیسی ساختہ بم (IEDs) بروقت ناکارہ بنا دیے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے یہ بم آمدورفت کے اہم راستوں اور پلوں کے قریب نصب کیے تھے تاکہ سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔ بروقت کارروائی کے باعث کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ ناکارہ بنائے گئے تمام بموں میں مجموعی طور پر تقریباً 120 کلو گرام بارودی مواد موجود تھا، جو انتہائی خطرناک نوعیت کا تھا اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران علاقے کی مکمل تلاشی لی جبکہ مشتبہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔سیکیورٹی ذرائع نے اس کامیاب کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تخریب کاری کی کسی بھی کوشش کو بروقت ناکام بنایا جائے گا۔
