فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں گروپ مرحلے کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، تاہم اب تک 6 ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔ گروپ بی کے اہم میچ میں بوسنیا ہرزیگوینا نے قطر کو 1-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں، جبکہ قطر کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی۔میچ میں کامیابی کے بعد بوسنیا ہرزیگوینا گروپ بی میں تیسری پوزیشن پر آ گئی، جبکہ 2022 ورلڈ کپ کے میزبان اور دو مرتبہ ایشین چیمپئن رہنے والے قطر کا سفر اختتام کو پہنچ گیا۔
دوسری جانب سوئٹزرلینڈ اور میزبان کینیڈا نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ گروپ بی کے آخری میچ میں سوئٹزرلینڈ نے کینیڈا کو 1-2 سے شکست دی، تاہم شکست کے باوجود کینیڈین ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔گروپ بی کی پوائنٹس ٹیبل کے مطابق سوئٹزرلینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ کینیڈا اور بوسنیا ہرزیگوینا کے 4، 4 پوائنٹس ہیں۔ تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر کینیڈا نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ بوسنیا ہرزیگوینا کا سفر گروپ مرحلے میں ہی ختم ہو گیا۔ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے اختتام کے قریب مقابلوں میں سنسنی بڑھتی جا رہی ہے اور شائقین کی نظریں اب ناک آؤٹ مرحلے کے مزید دلچسپ معرکوں پر مرکوز ہیں۔
