فیفا ورلڈ کپ میں مصر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 1-3 سے شکست دے کر گروپ جی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ اسپین نے سعودی عرب کو چار گول سے زیر کر دیا۔
گروپ جی کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے 15ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی، تاہم دوسرے ہاف میں مصر نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ مصر کی جانب سے 58ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے گول کر کے مقابلہ برابر کیا، جبکہ اسٹار فارورڈ محمد صلاح نے 67ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ مصر کی فتح کو یقینی بنانے کے لیے تیسرا گول ٹریزیگوئے نے کیا۔اس کامیابی کے بعد مصر کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ جی میں سرفہرست آ گئی ہے۔
دوسری جانب گروپ ایچ کے میچ میں اسپین نے سعودی عرب کو 0-4 سے شکست دے دی۔ اسپین کی جانب سے میکال اور یازبال نے دو، دو گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی بڑی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔گروپ جی کے ایک اور مقابلے میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ادھر نووارد کیپ ورڈی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط حریف یوراگوئے کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیل لیا۔ کیپ ورڈی نے اس نتیجے کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ایک اور اہم پوائنٹ حاصل کر لیا، جبکہ یوراگوئے کو فتح سے محروم رہنا پڑا۔
